شاہد آفریدی

کراچی کنگز کو دھچکا، شاہد آفریدی 10دن کیلئے پی ایس ایل سے باہر

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں کراچی کنگز کو بڑا دھچکا لگا ہے اور عالمی شہرت یافتہ آل راؤنڈر شاہد آفریدی گھٹنے کی انجری کا شکار ہو کر دس دن کیلئے ایونٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔شارجہ میں کراچی کنگز اور ملتان سلطان کے درمیان شیڈول میچ میں کراچی کنگز کے قائد عماد وسیم نے ٹاس جیتنے کے بعد بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور میچ میں شاہد آفریدی کی عدم دستیابی کا اعلان کر کے سب کو حیران کردیا۔

کراچی کنگز کے کوچ مکی آرتھر نے بتایا کہ وارم اپ کے دوران آفریدی کو گھٹنے میں تکلیف محسوس ہوئی اور آج ان کا ایم آر آئی کیا جائے گا۔ایم آر آئی کے دوران شاہد آفریدی کے گھٹنے میں انفیکشن کا انکشاف ہوا جس کی وجہ سے وہ دس دن تک کھیلوں کے میدانوں سے دور رہیں گے اور کراچی کنگز کو اس دوران میچز کیلئے دستیاب نہیں ہوں گے۔واضح رہے کہ شارجہ میں پاکستانی ٹیم خصوصاً شاہد آفریدی کے مداح بڑی تعداد میں موجود ہیں اور آج جمعہ ہونے کی وجہ سے شائقین نے بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کیا جس میں سے شائقین کی بڑی تعداد کے ہاتھوں میں شاہد آفریدی کے نام کے بینر نمایاں تھے۔

اس سے قبل شاہد آفریدی نے بھی میچ میں عدم دستیابی پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے شائقین سے معافی مانگ لی۔انہوں نے کہا کہ میں اپنے ان تمام شائقین سے معذرت خواہ ہوں جنہوں نے مجھے دیکھنے کیلئے اسٹیڈیم کا رخ کیا۔ میرے گھٹنے کا ایم آر آئی ہوا ہے۔ آپ سب کی دعاؤں کا طلبگار ہوں اور انشااللہ جلد میدان میں واپسی کروں گا’۔

واضح رہے کہ کراچی کنگز اور ملتان سلطان کے درمیان میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا ہے۔پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت ناقابل شکست کراچی کنگز سات پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ ملتان سلطان آج ایک پوائنٹ ملنے کے بعد دوسرے نمبر پر آ گئی ہے۔ ٹیبل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز تیسرے، پشاور زلمی چوتھے، اسلام آباد یونائیٹڈ پانچویں اور لگاتار تین شکستوں سے دوچار ہونے والی لاہور قلندرز کی ٹیم چھٹے اور آخری نمبر پر موجود ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں