Shahd afridi with Maj Gen Asif Ghafoor

آفریدی کی کشمیر پر ٹوئیٹ، گوتم گھمبیر کی تنقید پر ڈی جی آئی ایس پی آر کا کرارا جواب

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی اکثر و بیشتر ٹوئٹر پر اپنے پیغامات میں مختلف سیاسی، سماجی اور انسانی حقوق سے متعلق معاملات پر اظہار خیال کرتے رہتے ہیں۔

حال ہی میں انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی بربریت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ‘مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج بے گناہ شہریوں کے حق خود آرادیت اور آزادی کی جدوجہد کو دبانے کے لیے ان پر گولیاں برسا رہی ہے، حیرت ہے کہ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی ادارے کہاں ہیں اور وہ اس خونریزی کو روکنے کی کوشش کیوں نہیں کر رہے؟’

شاہد آفریدی کی ٹوئیٹ کی دیر تھی کہ بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر طوفان کھڑا ہوگیا اور بھارتیوں نے بوم بوم آفریدی پر تنقید کے ٹوکرے برسانے شروع کردیئے۔

ان ہی میں سے ایک بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان گوتم گھمبیر بھی تھے، جنہوں نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں شاہد آفریدی پر طنز کرتے ہوئے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

گوتم نے لکھا، ‘شاہد آفریدی کی کشمیر اور اقوام متحدہ سے متعلق ٹوئیٹ پر کیا کہنے کو رہ جاتا ہے؟ آفریدی اقوام متحدہ کی طرف دیکھ رہے ہیں، جو ان کی ڈکشنری میں ‘انڈر 19’ کے زمرے میں آتا ہے۔ میڈیا سکون سے رہے، شاہد آفریدی نو بال پر آؤٹ کا جشن منارہے ہیں’۔


گوتم گھمبیر کی اس ٹوئیٹ کے بعد پاکستانی بھی شاہد آفریدی کے دفاع کو آگئے، حتیٰ کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے بھی اپنے ذاتی اکاؤنٹ سے ٹوئیٹ کرکے گوتم گھمبیر اور بھارتیوں کو کرارا جواب دے ڈالا۔
میجر جنرل آصف غفور نے اپنے پیغام کے ساتھ ایک میچ کی ویڈیو بھی پوسٹ کی، جس میں شاہد آفریدی کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے آخری اوور میں لگاتار 2 چھکے لگا کر بھارت کو شکست سے دوچار کیا تھا۔


ڈی جی آئی ایس پی آر نے ایک تصویر بھی شیئر کی، جس میں شاہد آفریدی، بظاہر کسی بات پر گوتم گمبھیر سے الجھتے نظر آئے۔
میجر جنرل آصف غفور نے بھارتیوں کو مخاطب کرتے ہوئے ساتھ میں لکھا، ‘برائے مہربانی اپنی آگ مقامی طور پر ہی بجھائیں، شاہد آفریدی ہمارا قومی ہیرو اور آواز ہے۔’


جواباً شاہد آفریدی نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے پیغام کو ری ٹوئیٹ کرتے ہوئے ایک پرانی تصویر شیئر کی، جس میں وہ بھارتی فینز اور پرچم کے ساتھ تصویر بنواتے نظر آئے۔

اس تصویر کے ساتھ شاہد آفریدی نے لکھا، ‘ہم سب کی عزت کرتے ہیں اور یہ ایک کھلاڑی کی پہچان ہے لیکن جب بات انسانی حقوق کی ہو تو ہم بے گناہ کشمیریوں کے لیے بھی ویسے ہی انسانی حقوق کی امید رکھتے ہیں۔’


واضح رہے کہ رواں ہفتے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے نام پر معصوم لوگوں پر گولیاں چلادیں جبکہ بعدازاں جنازوں میں شریک افراد پر بھی پیلٹ گنوں سے فائر کیے گئے، ان واقعات میں 15 سے زائد بے گناہ کشمیری شہید جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں